شاہراہِ قراقرم پر 9 جگہ لینڈ سلائیڈنگ، استور روڈ کھل گیا

July 22, 2021


گلگت بلتستان میں شاہراہِ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس کے بعد شاہراہِ قراقرم کھولنے کا کام صبح سویرے سے جاری ہے، جبکہ گلگت استور روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیاگیا ہے۔

محکمۂ داخلہ گلگت بلتستان کے مطابق گلگت استور روڈ 15 مقامات پر لینڈ سلائیڈئنگ کے باعث بلاک ہوا تھا۔

محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ورکس ڈیپارٹمنٹ نے رات دن کام کر کے گلگت استور روڈ کو بحال کیا ہے اور اس شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

محکمۂ داخلہ گلگت بلتستان کے مطابق شاہراہِ قراقرم پر 7 مقامات پر لینڈ سلائیڈ نگ کے باعث آنے والا پہاڑی ملبہ صاف کر دیا گیا ہے، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ٹیمیں روڈ کی بحالی میں مصروف ہیں۔

محکمۂ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ مزید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوئی تو سڑک جلد کھول دی جائے گی، ایف ڈبلیو او، این ایچ اے اور ضلعی آفیسر موقع پر بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

محکمۂ داخلہ گلگت بلتستان کا مزید کہنا ہے کہ شاہراہِ قراقرم کو جلد کھلوانے کے لیے مزید مشینری بھجوائی جا رہی ہے۔

محکمۂ داخلہ گلگت بلتستان نے مسافروں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ مسافر روڈ کھلنے تک چلاس شہر میں انتظار کریں، بین الاضلاعی شاہراہوں کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے۔