پشاور: پی ٹی آئی MPA نے جیب سے ٹرانسفارمر مرمت کروادیا

July 23, 2021

پشاور کے نواحی علاقے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر لوگ مشتعل ہوگئے۔ مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے حکومتی رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد کے حجرے پہنچ گئے۔

انہوں نے پی ٹی آئی ایم پی اے کے خلاف نعرے بازی کی، جس پر جہانداد نے اپنی جیب سے 70 ہزار روپے ادا کرکے ٹرانسفارمر مرمت کروادیا۔

بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر خراب ہونے پر پشاور میں وڈپگہ سعادات آباد کے رہائشیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عید کے دنوں میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی غائب ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین نے دھمکی دی کہ جب تک ٹرانسفارمر مرمت نہیں کیا جاتا وہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے ارباب جہانداد کے حجرے کے سامنے احتجاج جاری رکھیں گے۔

بگڑتی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ارباب جہانداد میدان میں آئے اور جیب سے 70 ہزار روپے ادا کرکے ٹرانسفارمر کی مرمت کروائی۔

جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا اور رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد کا شکریہ ادا کیا۔