لاہور سے گرفتار کیے گئے ملزم اسد کھرل سے دوران تفتیش اسلحہ برآمد ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم اسد کھر ل جو خود کو مقامی صحافی بتاتا ہے، سے دوران تفتیش 3 سب مشین گنز برآمد ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق اسد کھرل سے 128 بلٹس اور ایس ایم جیز کی میگزین، چار وائرلیس سیٹس اور وائر لیس کے 3 چارجر برآمد ہوئے ہیں۔
مقامی عدالت نے ملزم اسد کھرل کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
خود کو مقامی صحافی کہنے والے اسد کھرل نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں 2 روز قبل پولیس پر حملہ کیا تھا۔
ملزم نے کانسٹیبل سے گن چھین کر اے ایس پی اور کانسٹیبل کو یرغمال بناکر فائرنگ شروع کردی تھی۔
نجی چینل سے تعلق رکھنے والے اسد کھرل کو گرفتار کرکے پولیس نے ڈکیتی، اقدام قتل، پولیس مقابلے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کو اسد کھرل کی گرفتاری کے دوران مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
اسد کھرل کیخلاف مقدمہ اس کے گھر تعینات ہیڈ کانسٹیبل اشفاق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسد کھرل کو 25 جولائی کو عدالت میں پیش کرکے مزید ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔