پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، عوام بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانے کیلئے فکر مند، لوگ خودکشی پر مجبور

July 24, 2021

سکھر (بیورو رپورٹ) صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ذاکر بندھانی نے ڈیڑھ ماہ کے دوران 3بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو تبدیلی کے سنہری خوابوں کی بھیانک تعبیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید سے چند دن قبل حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گراکر یہ واضح کردیا ہے کہ موجودہ حکمران عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ لینا چاہتے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری کے ستائے عوام اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانے کیلئے فکر مند ہیں، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکے بعد دیگرے اضافہ کئے جانا عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ وہ اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آنیوالے شہریوں و تاجروں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کرنا تو بہت دور کی بات ہے، ان کی عوام دشمن پالیسیوں سے نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں، مہنگائی و بیروزگاری کے سونامی نے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے، 16جون سے 16جولائی تک 3بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی گئیں، ڈیڑھ ماہ میں مجموعی طور پر 10روپے فی لیٹر پیٹرول پر اضافہ کیا گیا، جس سے ہر چیز کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے ہیں اور لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی کہ وہ غریب عوام کی حالت زار پر ترس کھاتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری طو رپر واپس لیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔