آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات‘خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولنگ

July 26, 2021

پشاور (نمائندگان جنگ)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی پولنگ ہوئی۔ صوابی سے ایل اے 39کشمیر سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ محمد صدیق نے میدان مار لیا۔ کشمیریوں کی کل 17ووٹرز تھے جن میں سے صرف چار ووٹ پول ہو ئے اور یہ چار ووٹ راجہ محمد صدیق نے حاصل کئے ۔مرد ووٹر کی تعداد 8جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 9تھی۔ووٹ پول کرنے کے لئے باقاعدہ طور پر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1میں دو پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جس میں دو مردانہ اور دو زنانہ پولنگ بوتھ بنائے گئے ۔ ڈی ایس پی کی قیادت میں 178پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔پولنگ کا عمل صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔حلقہ45ایل اے وادی 6میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبد الماجد خان 409ووٹ لیکر ایبٹ آباد کے دو پولنگ سٹیشن سے کامیاب ہوگئے۔ مردو خواتین کیلئے ایک ایک پولنگ سٹیشن قائم تھا جس میں صبح 9بجے سے 5 بجے تک پولنگ بغیر کسی وقفے سے پر امن جاری رہی اور ووٹرز نے اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالا ۔ ابتدائی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق عبد الماجدخان نے 409ووٹ لئے جبکہ مدمقابل آزاد امیدوار عبد الناصر خان239اور جماعت اسلامی کے امیدوار نور الباری نے صرف27ووٹ حاصل کئے۔ الیکشن کمشنر لوئر دیر نے تیمرگرہ میں پولنگ بوتھ قائم کیا جس پر پولنگ اور سکیورٹی عملہ تعینات کیا گیا لیکن کوئی بھی کشمیری ووٹ ڈالنے نہیں آیا اس حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد اقبال تنولی نے کہاکہ تیمرگرہ میں رہائش پذیر ایک کشمیری خاتون مریم اس وقت مبینہ طور کراچی میں مقیم ہے جس کی وجہ سے وہ ووٹ ڈالنے نہیں آئیں اور تیمرگرہ واحد ووٹ بھی پول نہ ہوسکا۔ نوشہرہ گورنمٹ ہائی سکول نوشہرہ کینٹ نمبر 1میں حلقہ اے 45وادی 6کے کل چار امیدواروں میں مقابلہ ہے کل ووٹرز کی تعداد سترہ ہے اسی طرح گورنمٹ پرائمری سکول نمبر 2رسالپور کینٹ میں حلقہ ایل اے 45وادی چھ میں کل ووٹر ز کی تعداد 65ہے جس میں اب تک بیس مرد اور چودہ خواتین نے اپنے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ نوشہرہ کینٹ ہائی سکول میں مردوں کی پولنگ سو فیصد رہی اور ساتھ کے ساتھ ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ دس خواتین ووٹرز میں سے چار نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عبد الناصر 30ووٹ لیکر سب سے آگے پاکستان تحریک انصاف کے عبد الماجد خان 15ووٹ لیکر دوسرے جبکہ جماعت اسلامی کے نورالباری 8ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میںکوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں ایا پولیس نے الیکشن کمیشن کے عملہ کے ساتھ بھر پور امداد کیا ۔لکی مروت میں قائم واحد پولنگ سٹیشن پر ایک بھی ووٹ پول نہ ہوسکا۔ الیکشن کمیشن نے دو خواتین ووٹروں کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن آفس میں پولنگ سٹیشن قائم کیا تھا جہاں ریٹرنگ آفیسر فضل حکیم خان اور اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر حیات اللہ جان کی زیر نگرانی پریذائیڈنگ آفیسرگلاب سردارہ اور پولنگ آفیسرز مہرین ہاشم اور گلشن آرا پر مشتمل عملے کی دیوٹی لگائی گئی تھی انتخابی حلقہ LA-XLVکشمیر ویلیVIکے لئے ضلع لکی مروت میں قائم واحد پولنگ سٹیشن پر کل ووٹروں کی تعداد دو تھی جبکہ اس حلقے سے چار امیدوار میدان میں تھے جن میں پی ٹی آئی کے عبدالماجد خان، احمد مشاہد مشتاق، عبدالناصر خان اور نورالباری شامل ہیں۔ پولنگ سٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کوئی ایک درجن سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اسحاق علی خان نے پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں سیکورٹی انتظامات سمیت ووٹروں کی سہولتوں کا جائزہ لیا پولنگ کے لئے صبح8بجے سے شام5بجے تک مقررہ وقت میں دونوں ووٹروں میں سے کوئی ایک بھی ووٹ پول کرنے کے لئے پولنگ سٹیشن پر نہیں آیا اور پولنگ کا عمل بغیر کوئی ووٹ پول ہوئے ختم ہوگیا۔