علم کی پہلی کرن

August 01, 2021

تحقیق و تالیف: ارشد مبین احمد

صفحات: 373، قیمت: 800روپے

ناشر: ڈائمنڈ ایجوکیشنل سوسائٹی، صدر، کراچی۔

زیرِنظر کتاب، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان، ارشد مبین احمد نے تالیف کی ہے،جس کے آخر میں اُن کتابوں کی فہرست اور حوالہ جات بھی دئیے گئے ہیں، جن سے استفادہ کیا گیا ہے۔ اس طرزِعمل سے پتا چلتا ہے کہ صاحبِ کتاب دینی معاملات میں کتنے محتاط ہیں۔ اس کتاب کے حوالے سے ممتاز عالمِ دین مفتی محمّد حسّام اللہ شریفی کا تحریر کردہ ایک سندنامہ بھی موجود ہے۔ یہ کتاب بارہ ابواب پر مشتمل ہے، جس میں 150موضوعات پر اظہارِ خیال کیا گیا ہے۔یہ کتاب مختلف اسلامی موضوعات پر عام فہم اور سادہ انداز میں بہت عُمدہ طریقے سے مرتّب کی گئی ہے۔

کتاب میں علم حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے اوریہی اس کابنیادی موضوع ہے۔اَنْبِياء وَرُسُل کے بارے میں بھی خاصی معلومات درج ہیں، خلفائے راشدین کی زندگی اور ان کی خدمات کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔ غرض کوئی اسلامی موضوع ایسا نہیں ہے، جس پر روشنی نہ ڈالی گئی ہو۔علاوہ ازیں، ایک شجرہ بھی شامل ہے، تاکہ بنیادی معلومات سمجھنے میں آسانی ہو۔ اگرچہ صاحبِ کتاب اسکالر نہیں، لیکن کتاب کی اشاعت کے بعد ان کا شمار اسلامی اسکالرز میں کیا جاسکتا ہے۔ بہرحال،اسلامی اقدار سے محبّت کرنے والوں کے لیے یہ کتاب رہنمائی کا باعث ہوگی۔