کراچی: کورونا کیسز کی شرح 24.82 فیصد پر جا پہنچی

July 27, 2021

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 24 اعشاریہ 82 فیصد تک جا پہنچی، وہیں اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس کے مثبت آنے کی شرح میں 100 فیصد اضافہ ہو گیا۔

ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 783 ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 1 ہزار 932 کیسز مثبت آئے ہیں۔

حیدر آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 34 فیصد ریکارڈ ہوئی، جہاں 915 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 58 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 87 فیصد سے بڑھ کر 3 اعشاریہ 40 فیصد ہو گئی۔

اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع میں 9 ہزار 344 کورونا ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 318 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ بھر میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کی شرح 1 ہفتے میں بلند ترین 12 اعشاریہ 74 فیصد رہی۔

صوبے بھر میں 18 ہزار 122 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 2 ہزار 308 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث مزید 7 افراد انتقال کر گئے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 69 ہزار 245 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 5 ہزار 840 ہو گئیں۔