متمول پیرنٹس کا امتحانی گریڈز کیلئے ٹیچرز پر دبائو

July 31, 2021

لندن (پی اے) سوٹن ٹرسٹ کی تحقیقی رپورٹ میں رائے دی گئی ہے کہ نجی سکولوں اور انگلینڈ کے مہنگے علاقوں میں رہنے والے طالب علموں کے والدین امتحانی گریڈز پر ٹیچرز کو دبائو میں لاسکتے ہیں۔ تقریباً ایک چوتھائی پرائیوٹ سکول ٹیچرز سے اے لیول اور جی سی ایس ای گریڈز کے لئے پیرنٹس نے رابطہ کیا تھا، یہ تعداد غریب علاقوں میں واقع سکولوں میں طالب علموں کے والدین کی جانب کئے گئے رابطوں سے دگنی ہے۔ واضح رہے کہ کوویڈ سے امتحانات معطل ہو جانے کے بعد اس سال ٹیچرز نے گریڈز دیئے ہیں۔ ہیڈ ٹیچرز نے لابنگ پر متنبہ کرتے ہوئے اسے نامناسب اور دبائو میں اضافہ کا باعث قرار دیا ہے۔ یہ تحقیق 3200 ٹیچرز سے کئے گئے سروے پر مبنی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پرائیوٹ سکولوں میں ٹیچرز کو انتہائی دبائو کا سامنا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرکاری سکولوں میں سوشل گیپ بھی موجود ہے، بہتر علاقوں میں 17 فیصد ٹیچرز کو دبائو کا سامنا ہے جبکہ پسماندہ علاقوں میں دبائو کی شرح 11 فیصد تھی۔