مایا علی نے کینسر کی مریض لڑکی کی خواہش پوری کردی

July 31, 2021

کراچی (آئی این پی) مایا علی نے کینسرسے لڑنے والی نوجوان لڑکی کی خواہش پوری کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔

اداکارہ نے انسٹا گرام پوسٹ میں حنا کامران میمن نامی نوجوان لڑکی کے ساتھ تصویر اورویڈیوزشیئرکرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اور ان کی ٹیم کو حنا کی خواہش پوری کرنے کا اعزازحاصل ہوا ہے جو مایا کے کپڑوں کے برانڈ مایا پریٹ کا کوئی لباس زیب تن کرنا چاہتی تھیں۔

ویڈیو میں مایا کی ٹیم حنا کا میک اوور کررہی ہے جس کے بعد آتشی گلابی لانگ فراک میں ملبوس حنا خوشی سے سرشار دکھائی دیتی ہیں۔مایا نے کیپشن میں بتایا کہ حنا ایک مضبوط اور بہادر لڑکی ہے جس سے ملاقات کا اعزازحاصل ہوا۔

اس کے والد رواں سال کے آغازمیں کووڈ 19 کے باعث چل بسے تھے جس کے بعدحنا میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔مایا نے حنا کی جانب سے اپنے برانڈ کے انتخاب کو ایک اعزاز قراردیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔