• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصری فٹبالر محمد صلاح پر 6 ماہ کیلئے ڈرائیونگ پر پابندی


محمد صلاح : فائل فوٹو
محمد صلاح : فائل فوٹو 

مصر کی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور انگلش کلب لیور پول کے سابق نامور کھلاڑ ی محمد صلاح پر تیز رفتاری کے مقدمے میں عدالت نے ڈرائیونگ پر 6 ماہ کی پابندی اور ایک ہزار 44 پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق صلاح کی رولز رائس کو 27 مارچ کو چیشائر کے علاقے ولمزلو میں 30 میل فی گھنٹہ کی حد والی سڑک پر 36 میل فی گھنٹہ (58 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے اسپیڈ کیمرے نے ریکارڈ کیا۔

محمد صلاح نے پولیس کو یہ معلومات فراہم نہیں کیں کہ گاڑی اس وقت کون چلا رہا تھا۔ پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے قانونی نوٹس کا بھی انہوں نے جواب نہیں دیا اور الزام پر اپنا مؤقف پیش نہیں کیا۔

وارنگٹن کمبائنڈ کورٹ میں سماعت کے دوران صلاح کو 6 ماہ کی ڈرائیونگ پابندی کے ساتھ مجموعی طور پر 1,044 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

یہ واقعہ اس اعلان کے چند روز بعد پیش آیا تھا جب مصر کے کپتان نے لیورپول کے ساتھ 9 سالہ سفر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 24 مارچ کو لیورپول نے صلاح کی رخصتی کا اعلان کرتے ہوئے انہیں کلب کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا تھا۔

محمد صلاح نے لیورپول کی جانب سے 442 میچز میں 257 گول کیے۔ 2025-26 سیزن کے اختتام کے بعد وہ ترک کلب ٹرابزون اسپور منتقل ہوگئے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید