وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ کا استعمال دوبارہ شروع

July 31, 2021

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے)وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ کا استعمال دوبارہ شروع ہوگیا ہے ، پاک ای پی اے نے پلاسٹک بیگ کا استعمال کرنے والوں کو جرمانہ اور دکانیں سربمہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ای پی اے کے مطابق کورونا اور پلاسٹک بیگ کے متبادل اشیاء کی طرف منتقلی میں نرمی کے پیش نظر اسلام آباد میں ایک مرتبہ پھر پلاسٹک بیگز کا استعمال شروع کردیا گیا ہے ، ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے خالد محمود کی نگرانی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میںپولی تھین بیگ کے استعمال کرنے والی دکانوں کی نشاندہی کیلئے سروے کیا گیا ، دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور پھر باز نہ آنے پر دکانیں سربمہر کر دی جائیں گی،ای پی اے حکام کے مطابق ان کا ادارہ وفاقی دارالحکومت کو پلاسٹک بیگز کے استعمال سے پاک کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔