تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا جامعات کے ملازمین سےناانصافی ہے، فپواسا

July 31, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشز (فپواسا) خیبرپختونخوانے حکومت کی جانب سے جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں میں عدم اضافے پر تشویش اور غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی گریونس کمیٹی، مشیر اعلیٰ تعلیم اور وزیر خزانہ سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے فپواسا کا آن لائن اجلاس صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہ عالم کی صدارت میں منعقد ہواجس میں صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کی تنظیموں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت نے تمام محکموں کےملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا لیکن جامعات کے ملازمین کو نظرانداز کیاجو کہ زیادتی اور ناانصافی ہے جس پر صوبے کی جامعات کے ملازمین میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ اجلاس میں فپواسا وفد کی حکومتی کمیٹی سے ممکنہ ملاقات میں ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری کی امید کا اظہار کیا گیا بصورت دیگر احتجاج شروع کیا جائے گا۔ تمام ایسوسی ایشز کو اس حوالے سے جنرل باڈی اجلاس منعقد کر کے اساتذہ اور ملازمین کو اعتماد لینے کا کہا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ جامعات کے اساتذہ کو ٹائم سکیل پروموشن دی جائے۔جس کے لئے سنٹرل فپواسا کے فورم سے بھی مہم شروع کی جائے گی- فپواسا نے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں پچھلے 6 سالوں اضافہ نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔