پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاؤ، آگے بڑھنےکی ضرورت ہے، معید یوسف

August 02, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آئے ہیں لیکن ہمیں آگے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں آگے بڑھنے کے حوالے سے بہت مثبت جواب ملا ہے۔ بے گھر افغانوں کو پاکستان میں دھکیلنے کے بجائے ان کے ملک کے اندر رکھنے کے انتظامات کیے جائیں۔

امریکا کو فضائی اڈے دینے کےحوالے سے موضوع اب ختم ہو جانا چاہئے۔ پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ افغانستان میں کشیدگی مزید خونریزی کا باعث نہ بنے۔

لیکن اگر کوئی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کے اندر ایک محفوظ علاقہ بنائے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا اسلام آباد مزید افغان مہاجرین کو قبول کرنے کیلئے تیار ہے

تو انہوں نے کہا کہ ’انہیں در بہ در (بے گھر) کیوں کیا گیا؟ ان کیلئے ان کے ملک کے اندر انتظام کریں، پاکستان مزید مہاجرین کو برادشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

معید یوسف نے تحریک انصاف حکومت کی امریکی پالیسی کو ’حقیقت پسندی اور اور غیر معذرت خواہانہ لیکن گھمنڈ پر مبنی رویہ قرار نہیں دیا۔انہوں نے زور دیا کہ وہ بڑی تصاویر اور سرخیوں پر توجہ نہ دیں۔

آئی ایس آئی کے سربراہ کی امریکا آمد سے متعلق معید یوسف نے کہا کہ ہمیں براہ راست تکنیکی ’ان پٹ‘ کی ضرورت تھی، یہ ک اعلیٰ سطح کا سیاسی دورہ نہیں تھا اور اس میں تکنیکی مسائل پر توجہ دی گئی۔