پاکستان، کورونا مثبت کی شرح ایک بار پھر 8 فیصد سے متجاوز

August 02, 2021


ملک بھر میں ایک دن میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران مزید 40 افراد انتقال کر گئے جبکہ 4ہزار 858 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.61 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4ہزار 858 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 40 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔

ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ساڑھے آٹھ فیصد سے زیادہ رہی، کراچی میں یہ شرح تقریباً 23 فیصد رہی۔

این سی اوسی کے مطابق یکم اگست کو 56ہزار414 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، چار ہزار 858 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 462 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 39 ہزار 965 تک جاپہنچے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1ہزار 316 مریض اس موذی مرض سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 20 ہو گئی ہے ۔

ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 73 ہزار 213 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا کی موجودہ صورتِ حال پر غور کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا۔