• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے 7 ہزار کیسز ایک ماہ میں دو لاکھ ہوسکتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا مثبت شرح 26 اعشاریہ 3 فیصد آئی ہے، کراچی کے 7 ہزار کیسز ایک ماہ میں دو لاکھ ہوسکتے ہیں، پرائیوٹ اسپتال ہو یا سرکاری اسپتال ہو صورتحال خراب ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر روزانہ 2ہزار 153مریض آئیں تو کوئی پریشر برداشت نہیں کرسکے گا۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت اور ہیلتھ ورکرز کورونا سے جنگ لڑ رہےہیں، منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،اس جنگ کو حکومت اور عوام لڑ رہےہیں ، ہیلتھ کئیر ورکرز محنت کرتے ہوئے ہمیں تحفظ فراہم کررہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حکومت سختی کرتی ہے تو ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، کہتے ہیں پیپلز پارٹی کراچی دشمن ہے، یپلز پارٹی آپ کے بہترین مفاد میں فیصلے کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لاک ڈاؤن لگاکر خوشی نہیں مل رہی ہے،  26 جون کو صوبے سندھ میں 511 کیسز تھے، 26 جولائی تک کورونا کیسز کی تعداد 2143 پہنچ گئی، کورونا کیسز میں اس وقت چار گناہ اضافہ ہوا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پرائیوٹ اسپتال ہو یا سرکاری اسپتال ہو صورتحال خراب ہے، کراچی کے تقریباً تمام نجی اسپتال بھر چکے ہیں، ڈاکٹرز بول رہے ہیں سب کچھ بند کرکےلاک ڈاؤن لگادیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگنے کے بعد کھولا جارہا ہے، اپنی فیلڈ کے تمام ایکسپرٹ ڈاکٹرز کہتے ہیں ویکسین لگوائی، کوئی بھی ویکسین لگوائیں لیکن ضرور لگوائیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ جمعہ کے روز وزیر اعلی ٰسندھ ٹاسک فورس کا اجلاس کریں گے، اگر حالات ایسے رہے تو پھر سخت فیصلے کرنے پڑیں گے، بازاروں میں دکان دار اور خریدار دونوں ماسک پہنیں۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ تھرپارکر میں بچے سے زیادتی کے معاملے پر ایس پی سے بات ہوئی،  بچے سے زیادتی میں ملوث ملزم بدین سے اسے گرفتار کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے کے والدین سے بات کررہے ہیں تاکہ قانونی کارروائی ہوسکے۔

تازہ ترین