کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، ہاکی، کرکٹ، اولمپکس کے حوالے سے توجہ مرکوز ہے، فرخ حبیب

August 02, 2021

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتی ہے، ہاکی، کرکٹ اور اولمپکس مقابلوں کے حوالے سے توجہ مرکوز ہے۔

آزادی کپ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں کھیلوں کی ترقی شامل ہے، حکومت کھیلوں کی ترقی کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم نے بھی ملک میں کھیلوں کی طرف خصوصی توجہ دینے کا اعادہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتی ہے، ہاکی، کرکٹ اور اولمپکس مقابلوں کے حوالے سے توجہ مرکوز ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے ملکی اور عالمی سطح پر کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ نے بھارت کی نیندیں حرام کردیں،مودی کشمیر پریمیئر لیگ سے ڈر ہوا ہے۔

وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ اب عالمی برادری کو دیکھنا ہو گا بھارت کس طرح کھیلوں سے دشمنی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے ہی مودی کی آمرانہ سوچ دنیا کو دکھانے کا موقع ملے گا۔ مسئلہ کشمیر کا حل یو این کی قراردادوں ہی سے ممکن ہے۔

ملک میں ویکسینیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تین کروڑ پاکستانیوں کو ویکسین لگادی گئی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ان کی گھروں اور کام کی جگہوں پر ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔

کراچی میں لگے حالیہ لاک ڈاؤن سے متعلق انھوں نے کہا کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا، این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کروا رہے ہیں۔

آزادی کپ ٹورنامنٹ میں پارلیمنٹرینز کی ٹیم کی شمولیت پر انھوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔