طالبان دیگر شدت پسند جنگجوؤں کو ساتھ شامل کر رہے ہیں: افغان جنرل

August 03, 2021

افغان فوج کے جنرل سمیع سادات کا کہنا ہے کہ طالبان دیگر شدت پسند گروپوں سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کو اپنے ساتھ شامل کر رہے ہیں۔

افغان فوج کے جنرل سمیع سادات نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ دیگر گروہوں کے جنگجوؤں کی شمولیت سے عالمی سلامتی پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، یورپ اور امریکا میں چھوٹے شدت پسند گروہوں کے متحرک ہونے کا خدشہ بڑھے گا۔

افغان جنرل نے کہا ہے کہ یہ افغانستان کی جنگ نہیں، یہ آزادی اور مطلق العنانیت کے درمیان جنگ ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں طالبان کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے، مگر طالبان لشکر گاہ شہر پر قبضہ نہیں کر سکیں گے۔

افغان جنرل سمیع سادات کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے ہلمند میں طالبان کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں۔