منہاج القرآن کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ ہے،علامہ حسین محی الدین

August 04, 2021

دی ہیگ (نمائندہ جنگ) ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے صاحبزادے علامہ حسین محی الدین نے ادارہ منہاج القرآن دی ہیگ کے مرکزکا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ حافظ نذیر احمد نقشبندی قادری بھی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر علامہ حافظ یاسر نسیم قادری اور دیگر وابستگان نے مہمانان گرامی کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ علامہ حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ہمہ جہتی تحریک ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن کی دینی تعلیمات کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر مفصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں بہت سارے ادارے اپنی استطاعت کے مطابق کام کر رہے ہیں، منہاج القرآن نے تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی زور دیا، انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن 15 ہزار افراد کو روزگار مہیا کر رہا ہے ،منہاج القرآن پہلا ادارہ ہے جس نے دہشت گردی پر پالیسی وضع کی اور بہت کام کیا۔ پاکستان میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ان کے مذہب کے مطابق بے شمار خدمات انجام دیں، انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں میں خدا کا خوف اور حضور نبی کریمﷺ کی محبت تربیت کے ذریعے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ راقم نے موجودہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی کے حوالے سے سوال کیا تو علامہ حسین محی الدین نے کہا کہ حکومت نے کچھ اچھے کام بھی کئے ہیں، لیکن حکومت کچھ وعدے و عہد پورے نہیں کرسکی۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے مجرموں کو کیفر کردار تک نہ پہنچانے کے سوال پر صاحبزادہ حسین محی الدین نے حکومت کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ان شہداء کے متاثرین کی ماہانہ کفالت، شادیوں کے مراحل اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں، یہاں تک کہ آغا خان میڈیکل کالج میں متاثرین کے بچوں کو ایم بی بی ایس تک کی ڈگری حاصل کرانے کے لئے اخراجات برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے نجی دورے پر یورپ آئے ہوئے ہیں اور منہاج القرآن کے اداروں کا دورہ کر رہے ہیں۔ یاد رہے دی ہیگ اور ہالینڈ کے دیگر شہروں میں بھی منہاج القرآن کے ادارے بچوں کی تعلیم و تربیت میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔