پی ڈی ایم کا حصہ بن سکتے ہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومت نہیں ہٹاتیں تو زبردستی نہیں کرسکتا، بلاول بھٹو

August 05, 2021

کراچی، اسلام آباد (ایجنسیاں،اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بار پھر پی ڈی ایم کا حصہ بن سکتے ہیں،دیگر اپوزیشن جماعتیں حکومت نہیں ہٹا سکتیں تو زبردستی نہیں کرسکتا،آزاد کشمیر کی تاریخ میں کبھی ایسی دھاندلی نہیں ہوئی،ہم سب ملکر کام کریں تو پنجاب میں بزدار کو بھگا سکتے ہیں

وفاق میں عمران خان کو بھی ہٹا سکتے ہیں،جمہوری، پارلیمانی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں،یوم استحصال کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم سلیکٹڈ کی غفلت پر چُپ نہیں رہیں گے۔جبکہ یومِ شہدا پولیس کے موقع پر اپنے پیغام انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی پولیس کے شہدا پر فخر ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے میں بھی پولیس کا کردار تاریخی اور قربانیاں بے مثال ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے دوستوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں، اپوزیشن کے دوستوں کو پیغام دوں گا کہ پارلیمانی طریقہ کار اپنایا جائے

انہوں نے ایک بار پھر حکومت پر آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں وفاقی وزیر نے پیسے بانٹے، خان صاحب کی حکومت میرے جیالوں کو پکڑے یہ برداشت نہیں کرینگے، نہ ماضی میں پیپلزپارٹی نے سیاسی انتقام برداشت کیا نہ آج کریگی

حکومت کے کھوکھلے وعدے کاغذ کے ٹکڑے پربھی لکھنے کے قابل نہیں ،ملک میں بڑھتی ہوئی ناامیدی کا سبب وہ شخص ہے جس نے عوام کو 50 لاکھ گھر اورایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا،قوم نا اہل اور ناقابل حکومت کا بوجھ اٹھا رہی ہے۔یوم استحصال کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نےمزید کہا کہ آر ایس ایس کے پیروکار مودی کا نظر یہ کامیاب نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی نہ تو بھارتی بربریت پر خاموش اور نہ ہی سلیکٹڈ وزیر اعظم کی غفلت پر چُپ رہے گی

بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا متنازع اقدام ، یکطرفہ ، غیر قانونی، کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا،افغانستان میں بدلتے ہوئے حالات کے پیشِ نظر کشمیر تنازعے کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ یہ خطہ انارکی کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہے،عالمی برادری کو بھی اب جاگ جانا چاہیے۔