کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا عوام کیلئے پیغام

August 05, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عوام کے نام بھجوائے گئے پیغام میں کہا ہے کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، ویکسین لگوانے کے باوجود مجھے ہسپتال میں داخل ہونا پڑاہے،یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے ، جو جنگ سے کم نہیں اس لئے تمام ہسپتالوں، بشمول سی ایم ایچ اور مسلح افواج کے دیگر ہسپتالوں کوفوری طور پر لوگوں کی سہولت کے لئے کھول دینا چاہیے ،ایسا نہ کیا گیا تو طبقاتی اور سماجی خلیج مزید گہری ہوجائے گی ،انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر فیصل مسجد میں کندھے سے کندھا ملا کر عید نماز پڑھنے سے یہ غلط پیغام دیا گیا ہے کہ طبی ہدایات اہم نہیں ،پوری قوم کا شکرگزار ہوں جس نے میری اور میری اہلیہ کی صحت یابی کیلئے دعا ئیں کی ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ احتیاط سب سے اچھی دوا ہے ،بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اور عالمی اداہ صحت کی جانب سے لازم کی گئی احتیاطی اور سماجی فاصلے کی تدابیر کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کی صحت کے امور ،امراض تنفس کے ماہرین اور کووڈ 19کے دیگر ماہرین کے سپرد کئے جائیں ،جنہیں ریڈیو، ٹی وی پر لایا جائے اور قوم پر یہ واضح کریں ،خبردار کریں اور آگہی فرام کریں۔