جامعات میں ڈسپیرٹی/ سپیشل الاونس کیلئے احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے

August 05, 2021

لاہور(خبر نگار)فپواسا پنجاب کی احتجاجی کال پرگذشتہ روز پنجاب بھر کی بڑی جامعات میں ڈسپیرٹی/ سپیشل الاونس کے لیے، احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور کی تمام بڑی جامعات پنجاب یونیورسٹی ، جی سی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینمل سائنسز کے علاوہ بہاالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان، یونیورسٹی آف اوکاڑہ، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف نے بھرپور انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ ہزاروں مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ نمائندگان نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر 10 اگست تک یونیورسٹی اساتذہ اور ملازمین کے سپیشل الاونس سے متعلق مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو معطل یا ترمیمی صورت میں جاری نہ کیا گیا تو اِس احتجاج کا دائرہ یونیورسٹیز کی حدود سے نکل کر باہر تک پھیل جائے گا۔