کراچی: گھر میں آتشزدگی، دھویں سے دم گھٹ کر 5 افراد جاں بحق

August 12, 2021

کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں میراں شاہ روڈ پر واقع گھر میں آگ لگنے سے دھواں بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

علاقہ پولیس کے مطابق متاثرہ گھر میں 7 افراد تھے جن میں سے 5 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 80 سالہ سلطان مرزا، 72 سالہ شازیہ مرزا، 78 سالہ صبیحہ مرزا، 60 سالہ فرحت مرزا اور 45 سالہ اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے فرحت مرزا جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر تھے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے دوران فائر فائٹر صادق حسین بھی زخمی ہوا ہے، جبکہ 3 فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔

ریسکیو اہلکار کا ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ کی شدت زیادہ تھی، جس کی وجہ سے لوگوں کو نکالنے میں دشواری ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گھر کے اندر جانے کا راستہ نہیں تھا، اس لیے جنگلہ توڑ کر داخل ہوئے، 5 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا، کمروں میں دھواں بھرنے کے باعث پانچوں افراد بے ہوش ہوئے تھے۔