فضائی حدود کی بندش، دہلی کی دو پروازوں کے ساتھ افغانستان داخلے پر کیا ہوا؟

August 17, 2021

افغانستان کی فضائی حدود اچانک بند کیے جانے کے بعد بھارتی دارالحکومت دہلی جانے والے دو طیارے لاعلمی میں افغان فضائی حدود میں داخل ہوئے تو ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے نوٹم کے اجراء کے بارے میں خبردار کئے جانے پر انہیں فوری واپس مڑنا پڑا۔

ان میں سے ایک ایئر انڈیا کے طیارے کو شارجہ میں لینڈنگ کرنا پڑی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پیر16 اگست کی صبح جب افغانستان کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل پر بڑی تعداد میں غیرملکی مسافروں اور افغان شہریوں کے آجانے پر اچانک بھگدڑ مچنا شروع ہوئی تو صورتحال کنٹرول سے باہر ہوگئی۔

افغان حکام نے فوری طور پر کابل ایئر پورٹ کو کمرشل پروازوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا اور افغانستان کی فضائی حدود بند کردی ، ایسے میں مالڈووا کی ٹیرا اویا ایئر لائن کی باکو سے دہلی جانے والی پرواز ٹی وی آر 750 مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 40 منٹ پر ترکمانستان کے راستے افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئی تو ایئر ٹریفک کنٹرول نے خبردار کیا۔

پائلٹ 11 منٹ میں جہاز کو واپس ترکمانستان لے گیا اور پھر ایران اور پاکستان کے راستے منزل پر پہنچا۔

ایسا ہی کچھ ایئر انڈیا کی شکاگو سے دہلی جانے والی پرواز اے آئی 126 کے ساتھ ہوا۔

ایئر انڈیا کا یہ بوئنگ 777 طیارہ ازبکستان کے راستے صبح 10 بجکر 5 منٹ پر افغانستان میں داخل ہوا تو ایئر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو خبردار کیا۔

پائلٹ نے طیارہ کا روٹ فوری طور پر واپس موڑ لیا اور صرف 4 منٹ میں واپس ازبکستان کی حدود میں داخل ہوکر ترکمانستان اور پھر بھارت میں داخل ہوا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے نے ایران سے پاکستان میں داخل ہوکر دارالحکومت دہلی جانا تھا مگر روٹ طویل ہو جانے کی وجہ سے فیول ختم ہونے کے خدشے کے پیش نظر پائلٹ نے ایران سے ہی طیارے کا رخ امارات کی طرف موڑ دیا۔

شارجہ میں لینڈنگ اور ری فیولنگ کے بعد یہ پرواز اپنی منزل دہلی کیلئے روانہ ہوئی۔