نیمل خاور خان حمزہ علی عباسی کے خیالات سے متاثر

September 07, 2021

پاکستان کی سابقہ اداکارہ و آرٹسٹ نیمل خاور خان کی جانب سے اپنے شوہر، معروف اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی کے خیالات پر فخر کا اظہار کیا گیا ہے۔

خواتین کے لباس سے متعلق آج کل متعدد حلقوں میںبحث جاری ہے، خواتین کو کیا پہننا چاہیے اور کیا نہیں، مختلف پلیٹ فارمز پر جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر بھی خواتین کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اسی سے متعلق حمزہ علی عباسی نے ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے انٹرویو کے دوران جہاں دیگر موضوعات پر بات کی وہیں خواتین کے لباس اور مرد کی نظروں کے بارے میں کہا ہے کہ ’عورت نے جو مرضی پہنا ہوا ہو، وہ چاہے کچھ بھی کر رہی ہو، انہوں نے اس کا حساب دینا ہے اور مرد کو اپنی نظروں کا حساب دینا ہے۔‘

حمزہ علی عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ باتیں بھول کر کہ معاشرے میں کیا ہو رہا ہے، انہیں اپنی اصلاح کرنی ہے، آج کل تو بچے اور مرد بھی محفوظ نہیں ہیں۔‘

نیمل خاور خان کی جانب سے حمزہ علی عباسی کے اس انٹرویو سے لی گئی ایک مختصر سی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ہے۔

نیمل خاور خان کا حمزہ علی عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’اُنہیں حمزہ علی عباسی پر بہت فخر ہے، حمزہ کی جانب سے دیا گیا یہ اُن کا پسندیدہ ترین انٹرویو ہے، ماشا ءاللّٰہ۔‘