”جیو نیوز“ کا اعزاز، ایک کروڑ فالوورز کا سنگ میل عبور

September 15, 2021

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کے سب سے بڑے اور سب سے پسندیدہ نیوز چینل ”جیونیوز“ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ٹیلی ویژن پر عوامی مقبولیت کے بے انتہا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم ”یوٹیوب“ پر بھی ”جیونیوز“ سب سے آگے پہنچ گیا ہے۔ پاکستان کا سب سے مقبول نیوز چینل یوٹیوب پر ایک کروڑ فالوورز کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا پاکستانی نیوز چینل بن گیا ہے۔ اور ”جیونیوز“ پر اِس اعتماد کیلئے ادارہ اپنے ناظرین کا انتہائی شکر گزار ہے۔یاد رہے کہ جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے دیگر ڈیجیٹل چینلز کی طرح ”نیوز چینل“ پر بھی عوام کی اتنی بڑی فالوونگ یہ ظاہر کررہی ہے کہ لوگ اپنے پسندیدہ چینل اور اِس پر نشر کی جانے والی تمام اہم اور تازہ ترین خبروں کے منفرد انداز کو پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ”جیونیوز“ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں اُردو نیوز کا سب سے زیادہ دیکھا اور پسند کیا جانے والا چینل ہے۔ ہر جگہ، ہر وقت، سب سے پہلے پہنچ کر سب سے بہترین خبر دینا اِس چینل کی روایت رہی ہے۔ بروقت اور تصدیق شدہ خبر کو اپنے ناظرین تک پہنچانے میں ”جیونیوز“ ہمیشہ بازی لیتا رہا ہے اور اِسی انفرادیت نے اس چینل کو دوسروں سے منفرد بنا دیا ہے۔ دُنیا بھر میں موجود کروڑوں ناظرین ہر وقت ہر لمحے، ملک اور بیرون ملک کی ہر چھوٹی اور بڑی خبر کو بلا تعطل مصدقہ طور پر اس نیوز چینل پر دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یوٹیوب پر ”جیونیوز“ کے سبسکرائبرز کی تعداد میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزید اور مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔مستقبل میں بھی ”جیونیوز“ نے اپنے ناظرین کے اعتماد کو اِسی طرح قائم رکھنے اور ہر تازہ ترین خبر کو مکمل تصدیق کے بعد بروقت عوام کے سامنے پیش کرنے کا عزم کیا ہے جسے ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا۔