سمندری ہوائیں بند، کراچی کا درجہ حرارت 39 ڈگری کو چھو گیا

September 15, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سمندری ہوائیں بند، کراچی کا درجہ حرارت 39 ڈگری کو چھو گیا، 4روز جزوی ہیٹ ویو کا امکان، شہریوں کو احتیاط کا مشورہ،17 ستمبرسے مون سون اسپیل آئیگا۔ گزشتہ روز شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ محکمہ موسمیات نے 4 روزہ جُزوی ہیٹ ویو کا آغاز ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جُزوی ہیٹ ویو 17 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں درمیانی شدت کی گرمی ہوگی جب کہ اس وقت سمندری ہوائیں مکمل بند ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے لہٰذا شہری احتیاط کریں اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرنے کے ساتھ غیر ضروری گھر سے نہ نکلیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 17 ستمبر سے مون سون اسپیل آئے گا جس میں سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش ہوگی، مون سون بارشیں دو سے تین روز تک جاری رہ سکتی ہیں تاہم کراچی میں بہت زیادہ بارشوں کا امکان نہیں۔