یکساں انکم ٹیکس ریٹرنز کی تجویز پر صوبے خوش ہیں، چیئرمینFBR

September 17, 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ اشیا اور سروسز پر اطلاقی پورٹل اور سنگل ریٹرنز کے ذریعے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کا اطلاق آئندہ ماہ سے ہوگا۔ جب کہ یہ سہولت ٹیکس ادا کرنے والوں کے لیے ایک انقلاب ثابت ہوگی۔ ایف بی آر کو یکساں انکم ٹیکس ریٹرنز کے نفاذ کی تجویز بھی دی گئی ہے، جس میں آمدنی اور کاروبار پر ٹیکس واجبات کی کٹوتی مرکز کے ایما پر ہوگی، جب کہ زرعی آمدنی پر ٹیکس متعلقہ وفاقی یونٹ کے اکائونٹس میں منتقل ہوں گے۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ یکساں انکم ٹیکس ریٹرنز کی تجویز پر صوبے بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اشیا اور سروسز پر جی ایس ٹی کی ہم آہنگی کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی ہے۔ اگر سائبر حملے نا ہوئے ہوتے تو اس کا اطلاق رواں ماہ ہوجاتا۔