سہراب گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، غیرقانونی بس اڈے ختم

September 17, 2021

کراچی کے داخلی علاقے سہراب گوٹھ پر تجاوزات کے خلاف پولیس اور متعلقہ اداروں کے آپریشن کلین اپ کے دوران انٹرسٹی بسوں اور کوچز کے اڈوں سمیت درجنوں تجاوزات ختم کردی گئی ہیں۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ دنوں علاقے میں کھلی کچہری لگائی تھی جس میں شہریوں نے دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ سہراب گوٹھ، حسن آباد اور سپر ہائی وے کے اطراف تجاوزات کی بھر مار کی بھی شکایت کی تھی۔

چوہدری سہیل فیض کے مطابق اس سلسلے میں ڈی آئی جی شرقی ثاقب اسماعیل میمن نے انہیں سخت ہدایات جاری کیں جس پر ایک منظم آپریشن کی منصوبہ بندی کے بعد آج صبح کارروائی شروع کی گئی۔

سہیل فیض کا کہنا ہے کہ دوپہر تک جاری اس آپریشن کے دوران درجنوں تجاوزات ختم کی گئیں جن میں الآصف اسکوائر اور سپر ہائی وے کے اطراف انٹرسٹی بسوں اور کوچز کے اڈوں سمیت دیگر تجاوزات شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق اس سلسلے میں کارروائیاں جاری رہیں گے۔