سعودی وزیر خارجہ کا دورہ بھارت، عالمی امن وسلامتی پر تبادلہ خیال

September 20, 2021

ریاض (جنگ نیوز )سعودی وزیر خارجہ نے دورہ بھارت کے دوران عالمی امن و سلامتی ،کورونا وبا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو بھارت کے سرکاری دورے کے موقع پر نئی دہلی میں وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرکاری مذاکرات کے موقع پر سعودی عرب اور بھارت کے دوست عوام اور دونوں دوست ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی امن و سلامتی کو مستحکم کرنے والی تدابیر پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔دونوں ملکوں کے وزرا نے کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب اور بھارت کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں بھارتی کی مدد پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ مذاکرات کے دوران سعودی وژن 2030کے تناظر میں دونوں دوست ملکوں کی اقتصادی شراکت کو مستحکم بنانے کے طریقے بھی زیر بحث آئے۔