جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود کریں گے

September 20, 2021

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سیشن میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سے اپنا پیغام دیں گے جو 23 ستمبر کو نشر کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی رواں ہفتے نیویارک کے لئے روانہ ہوں گے۔ کئی عالمی رہنما بشمول چینی صدر شی جن پنگ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں براہ راست شریک نہیں ہوں گے۔تاہم چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمر پیوٹن رواں ہفتے کے اختتام پر سیشن میں ذاتی طور شریک ہوسکتے ہیں۔ جنرل اسمبلی کی صدارت جنوبی ایشیا کے پاس آگئی ہے، مالدیپ سے تعلق رکھنے والے عبداللہ شاہد نے جنرل اسمبلی کے صدر کے طور پر حلف اٹھالیا ہے۔