سمرسیٹ کے ایک فارم پر’میڈ کائو‘ کے نام سے معروف انفیکشن پایا گیا

September 20, 2021

لندن (پی اے) ایک انفیکشن جو میڈ کائو کی بیماری کے طور پر جانا جاتا ہے، سمرسیٹ فارم میں پایا گیاہے۔ رپورٹ کے مطابق سمرسیٹ کے ایک فارم پر مویشیوں کی بیماری بی ایس ای کی تصدیق ہوگئی ہے۔اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ ایجنسی (اے پی ایچ اے) نے بتایا کہ متاثرہ جانور مر گیاتھا جسے ہٹا دیا گیا ہے۔انفیکشن کا ذریعہ تلاش کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہے اور فارم پر مویشیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔چیف ویٹرنری آفیسر کرسٹین مڈل میس نے کہا ہے کہ کھانے کی حفاظت یا صحت عامہ کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کلاسیکل بوائین سپونگفارم انسیفالوپیتھی کا واحد کیس جسے عام طور پر میڈ کائو کی بیماری کہا جاتا ہے ، آج علی الصبح تصدیق کی گئی تھی۔محترمہ مڈل میس نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ یہ فارمرکے لیے تکلیف دہ وقت ہوگا اور ہم اس مشکل دور میں مشورے دینے کے لیے حاضر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس ای کے لیے برطانیہ کی مجموعی رسک سٹیٹس قابو میں ہے۔ اے پی ایچ اے اب ریوڑ ، احاطے اور انفیکشن کے ممکنہ ذرائع کی چھان بین کرے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں 2014 سے اب تک بی ایس ای کے پانچ تصدیق شدہ کیسز پائے گئےہیں اور یہ سب جانوروں میں ہیں جو انسانی فوڈ چین کے لیے نہیں پالے گئےتھے اور عوام کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ فوڈ سٹینڈرڈ ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ صارفین کو بی ایس ای کے خطرے سے بچانے کے لیے سخت کنٹرول موجود ہے۔