سندھ اسمبلی، بلدیاتی انتخابات سے متعلق تحریک التوا خلاف ضابطہ قرار دیکر مسترد

September 21, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تحریک التوامسترد ،وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہےکہ بلدیاتی الیکشن مردم شماری کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں، آج نئی مردم شماری کروا دیں ہم بلدیاتی الیکشن کروا دینگے،پیر کو ایوان کی کارروائی کے دوران ایم ایم اے کے رکن اسمبلی عبدالرشید نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اپنی تحریک التواء پیش کی جس کی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے مخالفت کی اور کہا کہ بلاشبہ بلدیاتی الیکشن اہم معاملہ ہے لیکن یہ عدالت میں زیر غور ہے،اسپیکر آغا سراج درانی نے تحریک التواءکو خلاف ضابطہ قرار دیکر مسترد کردیا،وزیر پارلیمانی امور کی جانب سے میرپورخاص یونی ورسٹی بل 2021 سندھ اسمبلی میں متعارف کرایا گیا جسے مزید غور کے لئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا کمیٹی دو ہفتے میں اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کریگی، ٹی ایل پی کے مفتی قاسم فخری کی ایک قرارداد منظور کرلی جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس اس ایوان نے متفقہ طور پر یہ قرار داد منظور کی تھی کہ تمام سرکاری اور درسی کتب میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کے ساتھ خاتم النبین لکھا اور پڑھا جائے، قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے ایک نکتہ اعتراض پر وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کوئی ایک منصوبہ بتا دیں جو انکا خود کا ہو،یہ دوسروں کے منصوبوں پر تختی لگا کر خوش ہورہے ہیں، حلیم عادل شیخ نےصوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سے متعلق اپنے ایک نکتہ اعتراض پر کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کئی بار بسیں لانے کے وعدے کئے مگر وہ پورے نہیں ہوئے ،بتایا جائے کہ اورنج لائن کب بنے گی؟ مکیش چاولہ نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ ملک کا مہنگا ترین منصوبہ ہے، کراچی میں80بسیں نہیں صرف چالیس آئی ہیں، جھوٹ بولنے میں پی ٹی آئی والوں کا کوئی ثانی نہیں، آئندہ سال جنوری میں ہم پچاس بسیں لارہے ہیں۔