طالبان سے رابطہ قومی مفاد میں، ان کی نیت پر شک نہیں، عسکری ذرائع

September 21, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ افغان طالبان سے رابطہ قومی مفاد میں ہے اور ان کی نیب پر شک نہیں ، بھارتی میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے ۔ گزشتہ روز سعودی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے عسکری ذرائع نے کہا کہ افغان طالبان نے کئی مواقع پر دہرایا ہے کہ کسی گروہ یا دہشت گرد تنظیم کو کسی ملک بشمول پاکستان کے خلاف کسی دہشت گرد سرگرمی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہمارے پاس ان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، اور اسی لیے ہم ان سے مسلسل رابطے میں ہیں تا کہ اپنے قومی مفاد کا تحفظ کر سکیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں عسکری ذرائع نے مزید کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے مقصد سرحد کے اس طرف والے حصے پر بہتر مینجمنٹ رہا ہے۔ پاکستان افغان سرحد پر باڑ لگانا اس خطے کی ہیئت اور دوسری مشکلات کی وجہ سے ایک بڑی ذمہ داری تھی۔ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان نے بارڈر کے 90؍ فیصد حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا جائے گا۔ افغانستان میں لڑنے کے حوالے سے انڈین میڈیا پر چلنے والی خبروں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عسکری ذرائع نے کہا کہ جس طریقے سے انڈین میڈیا نے طالبان کے پنج شیر پر حملے کے حوالے سے خود کو پیش کیا ہے وہ اس بات کی کافی شہادت ہے کہ ان کا میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔