ماحور شہزاد بیرونِ ملک ٹریننگ کی منتظر

September 22, 2021

کوئٹہ میں ہونے والے آل پاکستان نیشنل بیڈ منٹن رینکنگ ٹورنامنٹ میں سنگلز اور ڈبلز ٹائٹل جیتنے والی پاکستان کی نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر اولمپیئن ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز، ایشیئن گیمز اور ساؤتھ ایشیئن گیمز کی تیاریوں کے لیے بیرون ملک ٹریننگ کی منتظر ہوں۔

پاکستان کی نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر اولمپیئن ماحور شہزاد نے ’جیو نیوز‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بیرونِ ملک ٹریننگ کی منتظر ہوں تاکہ میں اپنے بیڈ منٹن لیول کو بہتر بنا کر ان گیمز کے لیے بھرپور تیاری کر سکوں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے برس کامن ویلتھ گیمز اور ایشیئن گیمز کا انعقاد ہونا ہے جبکہ 2023ء میں ساؤتھ ایشین گیمز پاکستان میں ہوں گے، میں ان گیمز میں پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہوں، یہی میرا ٹارگٹ ہے۔

ماحور شہزاد نے حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے آل پاکستان نیشنل بیڈ منٹن رینکنگ ٹورنامنٹ میں ڈبل کراؤن کا اعزاز حاصل کیا ہے، انہوں نے سنگلز ٹائٹل پلوشہ بشیر کو ہرا کر جیتا جبکہ ڈبلز میں بھی کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد رینکنگ بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا، جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور مقابلہ زبردست رہا، ایسے ایونٹس کا انعقاد باقاعدگی سے ہونا چاہیئے تاکہ ملکی کھلاڑیوں کے بیڈ منٹن لیول میں اضافہ ہو اور وہ ٹریننگ کے لیے متحرک رہیں۔