سخت سزائیں دینگے، شاید عوام کے سامنے نہ دیں، طالبان رہنما

September 24, 2021

کراچی(نیوزڈیسک) طالبان کا سزائے موت سمیت سخت سزائوں کا دور لوٹ آئے گا،ایک طالبان رہنما نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ طالبان کا سزائیں دینے والا دور لوٹ آئے گا۔

ان سزائوں میں ہاتھ کاٹنے سمیت سزائے موت بھی دی جائے گی لیکن شاید اس بار یہ عوام کے سامنے نہ ہو۔

امریکی میڈیا کے مطابق ملا نورالدین نے تربانی نے اے پی کو اپنے ایک انٹرویو میں طالبان کی سزائوں پر واضح الفاظ میں کہا کہ سزائوں کا دور پھر سے شروع ہوگا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کو افغانستان کے نئے قوانین میں مداخلت سے خبردار بھی کیا،طالبان رہنما نے کہا کہ ہر ایک نے اسٹیڈیم میں دی جانے والی سزائوں پر تنقید کی لیکن ہم نے کبھی ان کی سزائیں دینے یا قوانین پر بات نہیں کی۔

تربانی نے کابل میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ہمیں یہ نہیں بتائے گا کہ ہمارے قوانین کیا ہونے چاہئیں۔

ہم اسلام کی پیروی کریں گے اور قرآن کے مطابق قوانین بنائیں گے۔