دیہی علاقے میں نمازِ جمعہ کا مسئلہ (گزشتہ سے پیوستہ)

September 24, 2021

تفہیم المسائل

صدرالشریعہ علامہ امجد علی اعظمی ؒ لکھتے ہیں: ’’ ایک بہت ضروری امر جس کی طرف عوام کو بالکل توجہ نہیں ،یہ ہے کہ جمعہ کو اور نمازوں کی طرح سمجھ رکھاہے کہ جس نے چاہا نیا جمعہ قائم کرلیا اور جس نے چاہا پڑھا دیا ،یہ ناجائز ہے، اس لیے کہ جمعہ قائم کرنا بادشاہِ اسلام یا اس کے نائب کاکام ہے اور جہاں سلطنتِ اسلامی نہ ہو ،وہاں جوسب سے بڑا فقیہ سُنّی صحیح العقیدہ ہو ،اَحکام شرعیہ جاری کرنے میں سلطان اسلام کے قائم مقام ہے، لہٰذا وہی جمعہ قائم کرے ،بغیر ا س کی اجازت کے نہیں ہوسکتا اوریہ بھی نہ ہوتو عام لوگ جسے امام بنائیں ،عالم کے ہوتے ہوئے عوام بطور خود کسی کو امام نہیں بناسکتے، نہ یہ ہوسکتا ہے کہ دوچار شخص کسی کو امام مقر رکرلیں ، ایسا جمعہ کہیں سے ثابت نہیں،(بہارِ شریعت ،جلداول، ص:764)‘‘۔

فقہائے کرام کی تصریحات کے مطابق دیہات میں جمعہ قائم نہیں کیاجائے گا اور اگر پہلے سے جاری ہے ،تو اسے بند بھی نہیں کیا جائے گا ، بلکہ جمعہ پڑھنے کے بعد چاررکعت ظہراِحتیاطی اداکی جائیں ۔بعض اوقات تعلیمی ادارے موسمی تعطیلات پر بند ہوجاتے ہیں ، بعض اوقات دیگر وجوہ سے بند ہوجاتے ہیں ، تو وہاں جمعہ موقوف ہوجائے گا ۔آپ نے سوال میں جو تفصیل بیان کی ، اُس کے مطابق وہاں جمعہ قائم نہیں کیاجاسکتا ،صرف نمازِ ظہر اداکریں گے ، البتہ جو لوگ جمعہ پڑھنا چاہیں تین کلومیٹر کافاصلہ آج کل زیادہ نہیں ہے، لوگ شہر یا قصبے کی کسی قریبی جامع مسجد میں جاکر جمعہ پڑھ سکتے ہیں ،ورنہ ظہر کی نماز پڑھ لیں ۔

آپ نے سوال کے آخر میں میں لکھا ہے:’’کیا ان لوگوں پر جمعہ فرض ہے بالخصوص کورونا کی وبا کے دوران‘‘،ہم پہلے لکھ چکے ہیں کہ آپ کی یونیورسٹی کا عملہ اور طلبہ تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مقام ’’رکھی‘‘ میں نمازِ جمعہ اداکریں ، ورنہ یونیورسٹی میں ظہر کی نماز پڑھ لیں ۔ کورونا کے اس دوسالہ دورانیے میں الحمدللہ مساجد سے ایک بھی کورونا کیس رپورٹ نہیں ہوا، لیکن مشاہدہ یہ رہا ہے کہ کورونا کی SOP's کا اطلاق ہربار مساجد اور نمازِ جمعہ پرہی کیا جاتا رہا ،یہاں تک کہ کراچی میں ایک عرصے تک صرف جمعہ کے دن 12بجے تا3بجے شام لاک ڈاؤن لگادیا جاتا تھا اور ہفتے کے باقی چھ دن اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوتا تھا، اربابِ اقتدار خوفِ خداکریں ۔

اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

tafheemjanggroup.com.pk