خواتین کو جائیداد میں حصہ دلانے کیلئے قانون سازی خوش آئند ہے، عارف علوی

September 24, 2021

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے پر عزم ہے، خواتین کو جائیداد میں حصہ دلانےکیلئے پنجاب حکومت کی قانون سازی خوش آئند ہے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا عورت کو جائیداد میں حصہ دینے کے قانون پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ حصہ لینے کیلئے مسلح لوگ لے کر جائیں۔

انہوں نے کہا میں خود بھی ایسے متاثرین میں شامل ہوں مگر قانون کے مطابق حق لینے پر یقین رکھتا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت صنفی امتیاز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرتی ہے، کسی کو نہ تو زبردستی حجاب پہنایا جاسکتا ہے اور نہ کسی کا حجاب اتارا جا سکتا ہے۔