برطانوی رکن پارلیمنٹ شیرخوار کے ہمراہ دارالعوام پہنچ گئیں

September 26, 2021

لندن ( آن لائن ) برطانوی رکن پارلیمنٹ اپنے شیرخوار بچے کے ساتھ پارلیمنٹ پہنچ گئیں، جہاں ان کا کہنا تھا کہ نئی ماؤں کو پارلیمنٹ میں واپس آنے پر سپورٹ کرنے کی بجائے ڈانٹا جاتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سٹیلا کریسی جو والتھمسٹو کی نمائندگی کرتی ہیں نے اس سال کے شروع میں اپنے دوسرے بچے کو جنم دیا جبکہ وہ ہمیشہ سے ملک اور ممبران پارلیمنٹ کی خواتین کے لیے زچگی کے دوران سپورٹ کرنے کی مہم چلاتی رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچے کے ہمراہ آج اس لیے آئی ہیں تاکہ پارلیمان میں جدت پسندی کی سوچ کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔انہوں نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ قائد ایوان ممبران پارلیمنٹ کے ایوان میں واپسی دیکھنے کے خواہشمند ہوتے ہیں، لیکن آزاد پارلیمانی سٹینڈرڈ اتھارٹی نے انہیں زچگی کے مناسب فنڈ کو اس بنیاد پر دینے سے انکار کر دیا کہ لوگوں کو چیمبر میں بولنے کے لیے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اس ملک میں ان چند کام کی جگہوں میں سے ایک بنا دیا گیا ہے جہاں نئی ماں آئے تو اس سے تعاون کیے جانے کی بجائے اسے ڈانٹ دیا جاتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ زچگی کے دوران بچے کی ماں کی چھٹی او تحفظ کے قانون کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کسی کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔اس سال کے شروع میں اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے نئی قانون سازی کی حمایت کی گئی تھی جس میں وزرا کو 6 ماہ کی زچگی کی چھٹی کا حق دیا گیا تھا، لیکن اس میں بیک بینچرز شامل نہیں تھے۔