اسکاٹ لینڈ میں افغانوں کورہنے کا حق دلانے کیلئے بچی کا پیدل سفر

September 26, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ ) اسکاٹ لینڈ کی ایک معصوم بچی افغان مہاجرین کو اسکاٹ لینڈ میں رہنے کا حق دلوانے میں مدد دینے کے لیے22میل کا پیدل سفر کررہی ہے۔ ڈمفریز کی9سالہ لوسی جان اسٹون نے یہ مہم برٹش ریڈ کراس کی مائیلز فار ریفیوجی فنڈنگ (Miles For Refugees Funiding)کی اپیل پرشروع کی ہے۔ جمع ہونے والی اس رقم سے نہ صرف پناہ گزینوں کی درخواستیں دائر کرنے کے عمل میں مدد کی جائے گی بلکہ ان کو غربت کی زندگی گزارنے سے بھی بچایاجاسکے گا۔ لوسی نے بتایا کہ ان میں مہاجرین کی مدد کرنے کا جذبہ مہاجرت کی مشکلات سے دوچار ہونے والے سابق مہاجر عمر محمد کے ناول ’’جب ستارے بکھرتے ہیں‘‘ پڑھنے کے بعد ہوا، اس کے بعد مجھے اس موضوع سے دلچسپی پیدا ہوئی۔ دریں اثناء برٹش ریڈ کراس کی طرف سے کرائے گئے ایک تازہ ترین سروے سے پتہ چلا ہے کہ افغانستان کے حالیہ بحران کے باعث اسکاٹ لینڈ کے38فیصد عوام میں مہاجرین سے خاصی ہمدردی پائی جاتی ہے۔ 50فیصد عوام ان مہاجرین کو اپنے رہائشی علاقوں میں خوش آمدید کہیں گے جب کہ36فیصد ان کی ذاتی طور پر بھی مدد کرنا چاہتے ہیں۔