درجنوں حکومتی ارکان ( ن) لیگ سے رابطے میں ہیں، رانا ثناء ﷲ

September 27, 2021

فیصل آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء ﷲ نے کہاہے کہ درجنوں حکومتی ارکان اپنے سیاسی مستقبل کیلئے مسلم لیگ( ن) سے رابطے کر رہے ہیں،صاف ،شفاف انتخابات ہونگے.

نوازشریف کی قیادت میں (ن) لیگ واضح اکثریت حاصل کریگی، ملک میں نہ قانون کی حکمرانی ہے نہ حکومت کی سوچ جمہوری ہے’’صباح نیوز‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکمران عام انتخابات میں کامیابی کے لئے الیکشن کمیشن، نیب، میڈیا اور نادرا سمیت اہم اداروں کو استعمال کرناچاہتے ہیں جس کے لئے وہ قبل ازوقت حرکتیں کر رہے ہیںنہ عوام اُن کے ساتھ ہیں نہ اپنے ارکان۔

سواتین سالہ کارکردگی، مہنگائی کے طوفان اور بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے کی وجہ سے حکومتی ارکان عوام کومنہ دکھانے کے قابل نہیں رہے اس لئے درجنوں ارکان اپنے سیاسی مستقبل کے لئے مسلم لیگ ن سے رابطے کررہے ہیں۔ عام انتخابات میں پی ٹی آئی عوامی حمایت سے محروم بھی ہوگی اورسیاسی طور پر مرحوم بھی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ قانون کی حکمرانی ہے نہ حکومت کی سوچ جمہوری ہے۔

توقع ہے کہ پی ٹی آئی کے باپ سمیت کوئی بھی عمران خان کاسہولت کارنہیں رہے گا۔صاف شفاف انتخابات ہوں گے۔میاں نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی اس سے قبل میاں نوازشریف اہلیت سمیت تمام مقدمات میں سرخروہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمین قانون اوراصول کی بجائے عمران خان کی خواہش کے مطابق چل رہے ہیں اس لئے وہ اُن کی مدت ملازمت میں توسیع چاہتے ہیں مگرقائدحزب اختلاف کے بغیرممکن نہیں پارلیمان کامشترکہ اجلاس میں حکومت کوقومی اسمبلی میں سادہ اکثریت ہے مگروہ سینیٹ میں اقلیت میں ہے اس لئے بل منظورنہیں ہوسکے گا۔

اُنہوں نے سوئی گیس کی قیمت میں 35فیصد اضافے کی تجویزکومستردکرتے ہوئے اُسے عوام کوزندہ جلانے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ ناکام اوربدنام حکمرانوں نے مہنگائی سے غریب عوام کو بے بس کر دیا ہے.

ہرماہ اور ہر ہفتے پٹرول، بجلی، آٹا چینی،گھی اورروزمرہ کی تمام اشیامہنگی کی جارہی ہیں جس سے عوام کی زندگی مشکل ہوچکی ہے ایسے حالات میں حکمران عام انتخابات میں کامیابی کے دعوے کرکے خودکوذہنی طورپرمفلوج ثابت کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہاکہ اب عمران خان اوراُن کی جماعت کی کوئی حیثیت نہیں رہی نہ وہ مسلم لیگ ن کامقابلہ کرنے کے قابل رہی ہے۔