بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو بھارت میں میچز نہ کھیلنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ای میل موصول ہو گئی۔
ذرائع بی سی بی کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو گزشتہ رات گئے آئی سی سی کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے۔ آئی سی سی کی یہ جوابی ای میل تھی جو بی سی بی نے اتوار کو کی تھی۔
بی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اپنی ای میل میں بنگلادیش سے ٹورنامنٹ کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات سے متعلق پوچھا ہے۔ آئی سی سی نے سیکیورٹی خدشات کی نوعیت اور ان کی تفصیل کے حوالے سے پوچھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی بی آئی سی سی کو آج تفصیلی جواب دے گا۔ بی سی بی کے ساتھ نہ ورچوئل کال ہوئی نہ بی سی بی کو بھارت نہ آنے کی صورت میں پوائنٹس نہ ملنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بی سی بی نے سیکیورٹی خدشات کے تحت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے اور میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کا کہا تھا۔
اس سے قبل کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کی بھارت سے باہر وینیو پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کی درخواست مسترد کرتے ہوئے میچز کے لیے بھارت جانے کا کہہ دیا، بھارت نہ جانے کی صورت میں پوائنٹس کھونا پڑیں گے۔