کھیلوں کا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے’’میرے کپتان ‘‘مہم شروع

September 28, 2021

پشاور(نمائندہ جنگ) بین الصوبائی انڈر 16اور17 بوائز و گرلز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے افتتاح کیا، ڈائریکٹرجنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ، کرنل (ر) آصف زمان، ڈی جی اسپورٹس خیبر پختونخوا اسفندیار خٹک، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد ودیگر اس موقع پر موجود تھے۔ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزادجموں و کشمیر کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ وفاقی حکومت نے رواں سال کھیلوں کے سال کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے پورے سال کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ کھیلوں کے فروغ اور ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے میرے کپتان کے نام سے ٹیلنٹ ہنٹ شروع کیا گیا ہے ، وفاقی حکومت قومی اسپورٹس پالیسی لیکر آرہی ہے اسپورٹس پالیسی پر کسی قسم کی بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کرینگے، اب مخالف تنظیموں کا سلسلہ ختم کرناہوگا ، ابھی اولمپک گیمز ہوئیں ان کے نتائج سب کے سامنے ہیں، کھیلوں کی بہتری کے لئے معاملات خود ہاتھ میں لیں گے حکومت کو باہر سے ڈکٹیٹ نہ کیا جائے کھلاڑیوں کو پاکستان کے لئے کھیلنا چاہئے۔ کورونا سے کافی نقصان پہنچا کھیل کے میدان ویران ہوئے دوبارہ کھیل کے میدان آباد کررہے ہیں ،اسکولوں سے کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کررہے ہیں تمام صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ اسکولوں سے کھیلوں کا سلسلہ شروع کیا جائے۔دریں اثنا چیمپئن شپ کے پہلے روزکے نتائج کے مطابق 800سو میٹر دوڑ میں خیبر پختونخوا کے وسیم خان نے گولڈ،پنجاب کے محمد انیس نے سلور،پنجاب ہی کے محمد زمان نے برانز جیتا، گرلز 800 سو میٹر دوڑ میں پنجاب کی زارا طارق نے پہلی،پنجاب ہی کی ثنا ءفرمان نے دوسری، سندھ کی مہم غضنفر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔