دکانداروں کو تجاوزات ہٹانے کے لیے تین دن کا نوٹس دے دیا گیا

September 28, 2021

پشاور ( وقائع نگار)ضلعی انتظامیہ پشاور نے فردوس سبزی منڈی میں دکانداروں کو تجاوزات ہٹانے کے لیے تین دن کا نوٹس دے دیا اس حوالے سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے ٹائون ون افسران اور فردوس سبزی منڈی یونین عہدیداروں کے ہمراہ فردوس سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ انھوں نے دکانداروں سے ملاقات کی اور ان کو ہدایت کی کہ وہ بذات خود اپنی تجاوزات کو تین دنوں کے اندر ہٹا دیں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ اور ٹائون ون ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کی مسماری کے ساتھ دکانوں سے باہر تجاوزات کو بھی سرکاری تحویل میںلے گی۔ اس موقع پر یونین عہدیدارں نے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور افسران کو تین دنوں کے نوٹس پر شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق تین دنوں بعد ضلعی انتظامیہ اور ٹائون انتظامیہ تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کرے گی اور تجاوزات پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ بذات خود اپنی تجاوزات ہٹا دیں بصورت دیگر تین دن بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔