لندن فیصلہ، تنازع بڑھ گیا، فیصلے میں شہباز شریف کا ذکر تک نہیں، شہزاد اکبر

September 29, 2021

فیصلے میں شہباز شریف کا ذکر تک نہیں، شہزاد اکبر

لاہور،اسلام آباد (نیوزایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) لندن فیصلے کے بعد تنازع بڑھ گیا، وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ فیصلے میں شہباز شریف کا ذکر تک نہیں۔

عدالت نے سلمان شہباز اورذوالفقار احمد کے منجمد اکاؤنٹس بحال کئے ،شہباز شریف کے تو اثاثے منجمد ہی نہیں ہوئے تھے، فیصلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے کہ جیسے اثاثہ ریکوری یونٹ یا نیب نے یہ مقدمہ شروع کروایا ہو۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی برطانوی عدالت سے رہائی کے معاملے پر کہا کہ میرٹ پر مقدمہ چلا تو شہبازشریف 6 ماہ میں25 سال کیلئے اندر ہونگے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ با جماعت جھوٹ بول رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے لندن میں شہباز شریف کیخلاف کوئی مقدمہ ہی نہیں تھا ، بریت کیسی،یہ کوئی فیصلہ نہیں دراصل اثاثے منجمد کرنے کا حکم واپس لینے کا حکم ہے ،برطانوی عدالت سے جاری حکم نامے میں کہیں شہباز شریف کا نام موجود نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ رات دیر گئے میرا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے رابطہ ہوا جس سے مجھے مجسٹریٹ کورٹ کا حکم نامہ ملا،2 صفحات پر مشتمل یہ مختصر حکم نامہ 10 ستمبر کو جاری کیا تھا جسے فیصلہ نہیں کہا جاسکتا، دراصل اثاثے منجمد کرنے کا حکم واپس لینے کا حکم ہے۔

ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ نے 17 دسمبر 2019 کو 12 ماہ کیلئے 2 بینک اکاؤنٹس کے اثاثے منجمد کیے تھے جس میں ایک سلمان شہباز اور ایک انکے وکیل ذوالفقار احمد کے نام پر ہے،نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے مشکوک ٹرانزیکشن کی بنیاد پر سلمان شہباز اور ذوالفقار احمد کے اکاؤنٹس پر اثاثے منجمد کرنے کا حکم نامہ حاصل کیا تھا۔

حکم نامہ دونوں فریقین کی رضامندی سے جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ اے ایف اوز کو ختم کیا جاتا ہے، نہ کسی کو اس میں جرمانہ ہے نہ ہی فیس کی ادائیگی ہونی ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ پاکستان کے عوام شریف فیملی سے پیسوں کی وصولی چاہتے ہیں، عدالتی فیصلے پر مس، فیک رپورٹنگ کرنا بڑا مسئلہ ہے، مس رپورٹنگ پرہمارا آر آئی یونٹ کیس فائل کریگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے شہباز شریف کیس کا روزانہ کی بنیاد پرکیسے چلے گا، لیگی صدر کے کیس میں کبھی ایک، کبھی دوسری خبر لگا کرخوشی کے شادیانے بجاتے ہیں، سزا سے لڈو بانٹنے کا سلسلہ ختم ہو جائیگا۔

پاکستان کے لوگ شریف فیملی سے پیسوں کی ریکوری چاہتے ہیں۔ جبکہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ملک کے نظام میں شفافیت لانا اور بدعنوان عناصر کیخلاف بلاتفریق احتساب تحریک انصاف کی سیاست کی بنیاد ہے، عوام نے پی ٹی آئی کو بدعنوان عناصر کیخلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے۔