کراچی: کلفٹن، ڈیفنس میں افغان ڈکیت گینگ سرگرم

October 09, 2021


کراچی کا پوش علاقہ کلفٹن اور ڈیفنس ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے، ایک کے بعد ایک واردات پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سب سے زیادہ واردتیں افغان گینگ ’کرکرے‘ کر رہا ہے جو کہ 100 سے زائد ملزمان پر مشتمل ہے۔

کلفٹن اور ڈیفنس میں گھروں میں لوٹ مار کی پے در پے وارداتیں جاری ہیں، شہری بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور نقد رقم سے محروم ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے کیونکہ پولیس واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کے گروہوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وارداتوں میں 2 گینگ اگست سے سرگرم ہیں، پوش علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک افغان گینگ بھی ہے جس کے 100 سے زائد کارندے سرگرم ہیں۔

افغان گینگ ’کرکرے‘ واردات میں سفید اور سلور کرولا گاڑی استعمال کر رہا ہے۔

گینگ ہر واردات کے لیے کار کی مختلف جعلی نمبر پلیٹیں استعمال کرتا ہے، ڈیفنس اور کلفٹن میں 60 فیصد سے زائد وارداتوں میں یہی افغان گینگ ملوث ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ڈیفنس کلفٹن میں ڈاکوؤں کے گروہ اگست سے سرگرم ہیں، جن میں سے ایک افغانی ’کرکرے‘ گینگ بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال ضلع جنوبی میں لوٹ مار کی 29 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، افغان گینگ ’کرکرے‘ اور دوسرے ڈکیت گینگ کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

کلفٹن اور ڈیفنس میں لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے میں پولیس کی ناکامی پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

پوش علاقے کو پر امن بنانے کے لیے پولیس کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔