کیس کا فیصلہ ہونے تک فیلڈ افسران بینک اکاؤنٹس منسلک نہ کریں، ایف بی آر

October 14, 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کیس کا فیصلہ ہونے تک فیلڈ افسران بینک اکائونٹس منسلک نا کریں۔ جب کہ جبری ریکوری کے اقدامات ٹیکس دہندگان کو دی گئی 30 روز کی رضاکارانہ مہلت گزرنے کے بعد کیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق، ایف بی آر نے ملک بھر کے تمام فیلڈ دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمشنر ان لینڈ ریونیو (آئی آر) اپیلز کے پاس کیس کا فیصلہ ہونے تک بینک اکائونٹس منسلک کرنے اور دیگر جبری اقدامات سے باز رہیں۔ ایف بی آر ہیڈکوارٹر کی جانب سے تمام چیف کمشنرز کو کہا گیا ہے کہ جب بھی مقدمہ بازی ہوتی ہے تو اس میں کئی طرح کی قیمت ادا کی جاتی ہے، جس میں مواقع ضائع ہونا، قانونی اخراجات اور اپیلیں تیار کرنے اور دفاع کے کیسز میں طویل وقت ضائع ہوتا ہے۔ اس لیے طویل مقدمہ بازی سے گریز ضروری ہے تاکہ غیرضروری طور پر وسائل ضائع نا ہوں۔ ایف بی آر نے چیف کمشنروں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ جبری ریکوری کے اقدامات جیسا کہ بینک اکائونٹس منسلک کرنا اسی صورت اٹھائے جائیں جب ٹیکس ادا کرنے والوں کو دی گئی 30روز کی رضاکارانہ مہلت ختم ہوگئی ہو۔