محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی،11سال میں صرف 13اجلاس، پی اے سی ذیلی کمیٹی برہم

October 14, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پی اے سی کی ذیلی کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کے سال 2010-11سے 2017-18تک کے 18کھرب 15ارب 44کروڑ روپے مالیت سے متعلق970 آڈٹ اعتراضات تاحال محکمانہ اکائونٹس کمیٹی میں زیر التوا ہیں، کمیٹی نے11سالوں میں ڈی اے سی کی صرف 13میٹنگز ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایف بی آر کو تمام آڈٹ اعتراضات پر محکمانہ اکائونٹس کمیٹی منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دو مہینے کا وقت دے دیا اور مزید کوئی مہلت نہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی سینیٹر شیری رحمان کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں رکن کمیٹی مشاہد حسین سید نے بھی شرکت کی، اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سال2010-11سے 2017-18 تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے محکمانہ اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس بہت کم منعقد ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔