حکمرانوں نے ڈاکٹر عبد القدیرکے ساتھ احسان فراموشی کی،حامد موسوی

October 14, 2021

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ عالم اسلام کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ احسان فراموشی ہے ۔تعلیمی نصاب سے شہباز قلندر اور شاہ عبدالطیف بھٹائی کا تذکرہ نکالنا افسوسناک ہے۔ حکمرانوں نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے ساتھ احسان فراموشی کی ،محسن پاکستان کو وہ اعزاز نہیں دیا گیا جس کے مستحق تھے۔ جب تک افغانستان میں استحکام نہ ہو حکومت تسلیم کرنے میں جلدی نہ کی جائے۔ فوج ماتھے کا جھومر ہے متنازعہ بنانا دشمن کو تقویت دینا ہے۔ میلاد کیلئے اجازت نہ لینے کا نوٹیفیکیشن احسن اقدام ہے، نواسہ رسول کے جلوسوں پر بندشیں دوہرا کردار ہے،محرم اور اربعین کے دوران عزاداروں پر قائم ہونے والی ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایام عزائے حسینیؓ کے اختتام اور شہادت امام حسن عسکریؓ کی مناسبت سے مرکزی امام بارگا جامعۃ المرتضیٰ جی نائن فورسے برآمدہو نے والے ماتمی جلوس کے دوران میڈیا اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حامد موسوی نے کہا کہ اگر عبدالکلام کو بھارت کا صدر بنایا جاسکتا ہے تو ڈاکٹر قدیر کی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کیوں نہیں ہوسکتی ، محسن پاکستان کا جنازہ قومی ہیروز کی طرح جلوس کی شکل میں توپ گاڑی پر رکھ کرلایا جانا چاہئے تھا تاکہ عوام کو انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ملتا۔