مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، وزیراعظم، پنجاب میں شوگر ملز پر چھاپے، گرفتاریاں، کریک ڈاؤن غیرقانونی ہے، چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن

October 16, 2021

مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد‘لاہور(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شوگر ملوں کی نگرانی کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکہ چینی کی اصل پیداوری مقدار کا پتہ چلایا جا سکے‘ ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں اور ریاست ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

ادھرپنجاب میں حکومت نے کسانوں کو گنے کی سابقہ مالی ادائیگیاں نہ کرنےوالی شوگر ملوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے گرفتاریاں شروع کردیں‘چیئرمین شوگر مل ایسوسی ایشن ذکا اشرف نے کریک ڈاؤن کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ انتقامی کارروائیاں بندکی جائیں۔

مطالبات نہ مانے گئے تو وہ یکم نومبر سے کرشنگ شروع نہیں کریں گےجبکہ حکومت پنجاب کے ترجمان حسّان خاورنے کہا ہے کہ حکومت نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والی شوگر ملوں اور دکانداروں کے خلاف سخت ترین کارروائی شروع کر دی ہے اور چینی کی ایکس مل قیمت 84 روپے 75 پیسے اور پرچون قیمت 89 روپے 75 پیسے فی کلوگرام سے زیادہ فروخت کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔کسی کو بلیک مارکیٹنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چینی کی قیمت فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، مشیراحتساب مرزا شہزاد اکبر‘ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران موجودتھے ۔وزیر اعظم نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔

نمائندہ جنگ کے مطابق پولیس نے جن شوگر ملوں میں چھاپے اور گرفتاریاں کیں ان میں شگر گنج شوگر مل جھنگ میں واقع ہے جس کے مالک الطاف سلیم ہیں تاہم ان کے جنرل منیجر کین کو گرفتار کیا گیا۔

چنار شوگر مل فیصل آباد کے مالک جاوید کیانی کو لاہور میں واقع ہیڈ آفس سے گرفتار کیا گیا 13گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد انھیں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد رہائی مل سکی، کنجوانی شوگر مل تاندلیانوالہ کے مالک ہارون اختر خان ہیں تاہم ان کے جنرل منیجر کو گرفتار کیا گیا۔

خصوصی نمائندے کے مطابق مالک چنار شوگر ملز جاوید کیانی، شکر گنج شوگر ملز کے مالک پرویز احمد، جنرل منیجر کین منظور حسین ملک اور جنرل منیجر ایڈمن حسین ملک کوگرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پسرور شوگر ملز کے مالکان کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائےگا۔

شوگر مل ایسوسی ایشن کے چیئرمین چودھری ذکا اشرف نے اپنے رد عمل میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مالکان کو گرفتار کیا گیا جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں‘ حکومت ہم سے مل بیٹھ کر مذاکرات کرے۔

ان خیالات کا اظہار انھوںنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے‘انہوں نے کہا حکومت سے محاذ اآرائی نہیں چاہتے ہم حکومت سے ملنا چاہتے ہیں، ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہم ہڑتال نہیں کریں گے،کیونکہ اس وقت 1500ارب روپے کا گنا تیار ہے‘گنے کی امدادی قیمت کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، شوگر کمیشن کی رپورٹ سو فیصد غلط ہے،حکومت شوگر ملیں بند کردے ہمیں اعتراض نہیں، ایسا ہوا تو عالمی منڈی سے 65لاکھ ٹن چینی خریدنی ہو گی۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ شوگر ملوں نے تمام کسانوں کی سابقہ ادائیگیاں مکمل کر دی ہیں‘شگر گنج شوگر مل کے کین منیجر اور کنجوانی شوگر مل کے ایک سنیئر اہلکار بھی ضمانت منطور ہونے کے بعد رہا ہو جائیں گے۔