دی پاکستان کپ 2022 کا اعلان، 18 ٹیمیں شامل ہونگیں، ابرار میر

October 18, 2021

لندن (پ ر )ابرار میر چیئرمین پرنس کلب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دی پاکستان کپ 2022کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر انہوںنے تمام ٹیموں کا دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ26ستمبر کو ہونے والے پہلے دی پاکستان کپ (TPC) کی مقبولیت اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہم آج ہم اسکے 2022 کے پروگرام کا اعلان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کپتان کا دوسری ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ سلیکٹ کرنا ہی اس ٹورنامنٹ کی سب سے اہم دلچسپی ہے۔ آئندہ برس 18 ٹیموں پر مشتمل بھر پور انداز میں جون میں آغاز کیا جائیگا جس کے پہلے چھ ہفتوں میں گروپ گیمز کھیلی جائینگی۔ ہر بدھ کی شام تین ٹیموں کے گروپ میچز ہونگے، پھر آگے پہنچنے والی آٹھ ٹیموں میں کوارٹر فائنلز ہونگے اور پھر اگست کے مہینے میں سیمی فائنل اور فائنل کا اہتمام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا اب ٹیمیں دس کھلاڑیوں کا اسکواڈ دینگی، جس میں دو غیر پاکستانی بھی حصہ لے سکیں گے۔ ہر ٹیم کو ہر سطح پر میڈلز بھی دئیے جائینگے۔ ہر میچ میں مین آف دی میچ کا میڈل دیا جائیگا، ٹورنامنٹ کے بہترین آل راؤنڈر، بیٹسمین اور باؤلر کا کیش ایوارڈ اور ٹرافی بھی دی جائیگی۔ چیمپئنز اور رنرز اپ کے کیش ایوارڈز پہلے سے زیادہ کیے جائینگے۔ انکا کہنا تھا کہ مقصد صرف اور صرف ایک ڈسپلن کرکٹ کا انعقاد اور پاکستان کا نام روشن رکھنے کی کاوش ہے، جس میں تمام ٹیموں، سپانسرز اور کمیونٹی کا بھر پور تعاون ہے۔الفرڈ کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ابرار میر کے ساتھ یونس آفریدی ایشٹن کووپرز، ندیم احمد کپتان پرنس کلب اور محمد اسحاق آرگنائزر موجود تھے۔ جبکہ حاضرین میں ذوالفقار بٹ کپتان لندن اسٹالئینز، کاشف نقوی کپتان میورکس کلب، یاسر ورک کنگنز الیون، عدیل رفیع کپتان مے فیئر ویژن، الیاس محمد ویسٹ ایسسکس، غالب شریف ،حمزہ احمد الفرڈر ٹاؤن کلب، اظہار احمد ایونجرز، احمد مغل لندن زلمی کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس کے آغاز میں محمد اسحاق نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور مختصراً اغراض و مقاصد بیان کیے۔